لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مہنگائی کی کمر توڑنے کا اقدام کر لیا، شہر میں 400 انصاف سستی موبائل شاپس کا آغاز کیا گیا ہے جہاں سبزیاں اور پھل رکشہ میں منڈی میں ہونے والی نیلامی کے ریٹس کے مطابق فروخت کئے جائیں گے۔
منافع خوروں کی کمر توڑنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات، لاہور میں 400 انصاف سستی موبائل شاپس کا آغاز ہو گیا۔ تحصیل سٹی میں اقبال ٹاؤن، سبزہ زار، گلشن راوی، اندرون شہر اور دیگر علاقے کے عوام موبائل شاپس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
تحصیل کینٹ میں 85 چلتی پھرتی موبائل شاپس نظر آئیں گی، تحصیل ماڈل ٹاؤن کے بھی بیشتر علاقوں کے لوگ مستفید ہو سکیں گے۔ تحصیل رائیونڈ میں رائیونڈ سٹیشن، جوہر ٹاؤن و دیگر علاقوں میں شاپس نے کام شروع کردیا۔
تحصیل شالیمار میں بھی 100کے قریب علاقوں کے شہری موبائل شاپس سے خریداری کر سکتے ہیں۔ سستی موبائل شاپس کے مالک خوش ہیں، کہتےہیں ہمیں روزگار اور شہریوں کو سستی اشیا ملیں گی۔ شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، بولے مہنگائی کے طوفان میں سکیم کیا فائدہ دیتی ہے وقت ہی بتائے گا۔
ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کہتے ہیں کہ لاہوریوں کو منافع خوروں کے وار سے بچانے کیلئے سکیم شروع کی گئی ہے۔ اس کاروبار کے لئے پانچ لاکھ کا قرضہ فراہم کیا جارہا ہے۔ ڈی سی لاہور نے سنگھ پورہ منڈی میں نیلامی کا جائزہ بھی لیا اور سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی۔