لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہہ عمران خان نے اپنے قریبی ساتھی کو بھی تحفظ نہیں دیا، یہ وزیراعظم کے بلا امتیازاحتساب کی عملی تصویرہے، جہانگیر ترین نے قانونی طو پر عدالتوں کا راستہ اختیار کیا، یقین ہے وہ سرخرور ہونگے۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے کے عہد میں کوئی اپنا یا پرایا نہیں، ماضی میں اپنے حواریوں کو سرکاری چھتری میں تحفظ دیا جاتا تھا، نئے پاکستان میں وزیراعظم کے قریب ترین ساتھی پر جب انگلی اٹھی تو عمران خان نے سرکاری چھتری اور تحفظ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کسی سیاسی یتیم کے بیان پر تبصرہ نہیں کریں گے، دوسروں کے سہاروں پر سیاست کرنے والی کنیزوں پر ویسے ہی ترس آ رہا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق چینی کے نرخ مقرر کرنے کی حکومت کو ذمہ داری دی گئی ہے، اپوزیشن نے بھی وہی چینی استعمال کرنی ہے، اپوزیشن ہماری عوام دوست پالیسی پر تنقید کرنے کی بجائے ہماری حوصلہ افزائی کرے، عوام کی سہولت کاری ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کل عوام کو ریلیف دینے اور کسان کارڈ کا اجرا کرنے آ رہے ہیں، عمران خان پسے ہوئے طبقے کیلئے سستے گھر فراہم کرنے آ رہے ہیں، وزیراعظم عوامی فلاح سے جڑے ہر منصوبے میں متحرک نظر آئیں گے۔