آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس: خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اپریل تک توسیع

Published On 08 April,2021 10:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 22 اپریل تک توسیع کر دی۔

لیگی رہنما خواجہ آصف کو جیل حکام نے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی اور ان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف کو جیل حکام نے احتساب عدالت میں پیش کیا۔ احتساب عدالت جج کے تبادلے کی وجہ سے شہباز شریف کو احتساب عدالت کے جج اسد علی کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے حمزہ شہباز کی بیماری کی وجہ سے اُن کی حاضری سے استنثی کی درخواست منظور کر لی۔ احتساب عدالت کے جج کے تبادلے کی وجہ رمضان شوگر ملز ریفرنس پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور اُن کے بیٹے کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس پر کارروائی 21 اپریل تک ملتوی کر دی۔

مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت میں جانے سے روکنے پر تنقید کی۔ شہباز شریف سے مسلم لیگ نون کے خواجہ آصف، رانا ثناء، خواجہ سعد، امیر مقام، مریم اورنگزیب اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
 

Advertisement