لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں یوٹیلٹی اسٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ نایاب ہو گئیں، صرف ایک، ایک کلو گھی چینی اورآٹے کے لیے مرد و خواتین گھنٹوں طویل قطاروں میں لگنے پر مجبورہیں۔
اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سب دعوے ہوا ہوئے۔ جب صرف ایک ایک کلو چینی اور گھی حاصل کرنے کے لیے مرد و خواتین اور بچے گھنٹوں تک قطاروں میں لگنے پر مجبور ہوجائیں لیکن چار چار گھنٹوں تک کھڑے رہنے کے بعد بھی صرف ناکامی ہی ہاتھ لگے تو جذبات کا کیا عالم ہوگا۔
رمضان المبارک کی آمد کے تناظر میں یہ صورت حال مزید افسوس ناک ہوجاتی ہے لیکن دوسری طرف حکام کے دعوے دیکھے جائیں تو محسوس ہوتا ہے جیسے سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اب بنیادی اشیائے ضروریہ کا حصول بھی مشکل تر ہوچکا ہے۔
دوسری طرف حکام نے ایک مرتبہ پھر دعوی کیا ہے کہ اشیا کی سپلائی کی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی۔