مسز سری لنکا کا تاج اتارنے والی مسز ورلڈ نے تاج واپس کردیا

Published On 22 April,2021 10:05 pm

کولمبو: (ویب ڈیسک) حال ہی میں مسز سری لنکا کے ایوارڈ میں ہونے والے تنازع کے بعد مسز ورلڈ 2020 کیرولین جیوری نے اپنا تاج واپس کردیا۔

کیرولین جیوری کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے رضاکارانہ استعفے کا فیصلہ مکمل طور پر ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ وہ ناانصافی کے خلاف کھڑی ہوئی تھیں کیونکہ وہ اس بات کو یقینی بناناچاہتی تھیں کہ ہر حریف کو مساوی مواقع حاصل ہوں۔

خٰیال رہے کہ رواں ماہ پشپیکا ڈی سلوا کو مسز سری لنکا 2021 کے خطاب سے نوازے جانے کے کچھ ہی دیر بعد 2019 کی فاتح کیرولین جیوری نے پشپیکا کا تاج یہ دعویٰ کرکے اتاردیا تھا کہ پشپیکا چونکہ طلاق یافتہ ہیں لہٰذااس اعزاز کی حق دار نہیں۔

اس الزام کے بعد جیوری نے مسز سری لنکا کا تاج رنر اپ خاتون کے سر پر سجا دیا تھا۔

تاہم بعد ازاں منتظمین نے پشپیکا سے معافی مانگتے ہوئے انہیں تاج واپس کر دیا اور تصدیق کی کہ پشپیکا طلاق یافتہ نہیں بلکہ شوہر سے علیحدگی اختیار کیے ہوئے ہیں، بعد ازاں پشپیکا کی درخواست پر کیرولین جیوری کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

کیرولین جیوری نے رواں ماہ کی شروعات میں اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ٹائٹل سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔

جیوری کی جانب سے تاج واپسی کے بعد منتظمین کا کہنا ہے کہ کیرولین جیوری کے بعد 2020 مسز ورلڈ کنٹیسٹنٹ کی رنر اپ کیٹ سنائیڈر نئی مسز ورلڈ 2020 ہوں گی۔
 

Advertisement