نئی دہلی: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر بدترین مظالم کیخلاف بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا خاموش نہ رہ سکیں۔
یاد رہے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بدترین بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
بھارتی اداکارہ نے ٹوئٹر پر 10 سالہ فلسطینی بچی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا امن حاصل کرنے کیلئے کیوں ایک ساتھ نہیں ہورہی؟
Why can’t the world come together and achieve peace? Why do our innocent children have to suffer?
— Dia Mirza (@deespeak) May 16, 2021
Begging for disarmament. With all my heart. This must stop. https://t.co/PoFY5RMvY2
دیا مرزا کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کو یہ سب کیوں بھگتنا پڑتا ہے؟ میں دل سے اس سب کو ختم کرنے کی درخواست کرتی ہوں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کو مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے 15 مئی کو شوٹ کیا گیا تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کا نشانہ بننے والی 10 سالہ بچی نادین عبدیل کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو غمزدہ کردیا۔
ویڈیو میں نادین عبدیل کو آنکھوں میں آنسو اور زارو قطار روتے دیکھا جاسکتاہے جس میں وہ اسرائیلی ظلم و ستم پر آہ بکا کررہی ہے۔
ویڈیو میں 10 سالہ نادین ملبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دنیاکو بتارہی ہے کہ میں بچپن سے ہی بیمار ہوں، میں نہیں جانتی کہ مجھے کیا کرنا ہے، میں کچھ نہیں کرسکتی، اسے ٹھیک کریں، میں صرف 10 سال کی ہوں ، میں ان سے نہیں نمٹ سکتی۔
بچی کا کہنا تھا کہ میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں تاکہ میں لوگوں کی مدد کرسکوں لیکن میں یہ نہیں کرسکتی، میں جو کچھ بھی دیکھتی ہوں اس کے لیے ہر روز روتی ہوں اور خود سے سوال کرتی ہوں کہ آخر کیوں ہم اس برتاؤ کے مستحق ہیں؟ ہمیں اس کے لیے کیا کرنا چاہیے؟ میری فیملی مجھے کہتی ہے کہ چونکہ ہم مسلمان ہیں یہ لوگ صرف ہم سے نفرت کرتے ہیں اور ہمیں پسند نہیں کرتے۔
بچی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مسلمانوں کےساتھ ایسا کیوں کرتے ہیں؟، ویڈیو میں نادین نے اپنے اردگرد بچوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ میرے اردگرد جتنے بچے بھی دیکھ رہے ہیں، یہ صرف بچے ہیں ، آپ انہیں میزائل کیوں بھیجتے ہیں اور مار دیتے ہیں یہ ٹھیک نہیں۔