لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے افراد کو یہ علم ہونا چاہیے کہ وہ صرف خوبصورت تصویر نہیں ہیں بلکہ اس سے بڑھ کر بہت کچھ ہیں۔
خوبرو اداکارہ نے انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے طویل پوسٹ لکھی، جس میں لوگوں کی جانب سے ٹرولنگ کا نشانہ بنائے جانے پر بات کی اور اعتراف کیا کہ بطور انسان ان سے خطائیں بھی ہو سکتی ہیں۔
ہانیہ عامر نے لکھا کہ وہ نوجوان ہیں، کم عمر ہیں اور بڑھتی عمر کے ساتھ ان میں شعور و سمجھ آ رہی ہے، اس عمل میں وہ بعض غلطیاں بھی کریں گی، کچھ غلطیوں کا انہیں احساس بھی ہوگا اور ان کی سوچ تبدیل بھی ہوگی مگر کئی معاملات پر ان کا ذہن تبدیل نہیں ہوگا۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر خود کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کا ذکر کیا مگر انہوں نے کسی خاص واقعے کی بات نہیں کی اور لکھا کہ وہ کافی عرصے تک سوچتی رہیں کہ وہ ایسا کیا کریں، جس سے لوگ خوش ہوں؟
ہانیہ عامر کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے وہ صرف یہ سوچنے میں مصروف تھیں کہ انٹرنیٹ پر منفی سوچ کے حامل افراد کو خوش رکھنے کے لیے وہ کیا کریں؟ ان کی عمر بڑھ رہی ہے اور وہ کئی چیزیں سیکھ رہی ہیں اور بعض مرتبہ انہیں اپنی نادانیوں کا احساس بھی ہوتا ہے مگر وہ انسان ہونے کے ناتے معافی نہیں مانگیں گی، کیوں کہ یہ سارے عمل زندگی اور عمر کا حصہ ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ چند ہفتوں کی سوچ کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ کون کس شخصیت اور ذہنیت کا مالک ہے اور کیوں کسی کو خوش رکھنے کے لیے کوششیں کی جائیں؟ انٹرنیٹ پر بہت زیادہ لوگ انہیں سمجھنے میں ناکام رہے ہیں اور ایسے لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ وہ صرف خوبصورت تصویر نہیں ہیں بلکہ وہ اس کے علاوہ بھی بہت کچھ ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوسرے لوگوں کو خوش رکھنے کے لیے خود کو تبدیل نہیں کریں گی، وہ جیسی ہیں، ویسی ہی رہیں گی۔ امید ہے کہ باقی لوگ بھی میری طرح اپنی غلطیوں اور اچھائیوں کے ساتھ آگے بڑھ کر مثبت طریقے سے زندگی گزار کر خوش رہیں گے اور دوسروں کو بھی خوش رکھیں گے۔