نیوزی لینڈ کا فیصلہ عجیب اورپریشان کن ہے: ہمایوں سعید

Published On 19 September,2021 10:22 am

لاہور:(روزنامہ دنیا) کیوی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں سکیورٹی وجوہات کابہانہ بناکر سیریز منسوخ کرنے پراداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ نے اپنے عجیب اقدام سے لاکھوں شائقینِ کرکٹ کو مایوس کیا ،میچ شروع ہونے سے چند منٹ قبل دورہ منسوخ کرنا نیوزی لینڈ کا عجیب اور پریشان کُن اقدام ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہمایوں سعید نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنے کام میں شاندار ہیں۔گلوکار و اداکار فرحان سعید اور اداکار فیصل قریشی نے بھی سوشل میڈیا پر نیوزی لینڈ بورڈ کے اس فیصلے پر غم و غصے کا اظہار کیا۔فرحان سعید نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ جگہ ہے ، پاک نیوزی لینڈ سیریز کی یکطرفہ منسوخی دیکھنا بدقسمتی ہے ۔

اداکار فیصل قریشی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ میچ کے آغاز سے چند لمحے قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے کھیل کی منسوخی کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔ اداکار نے لکھا کہ منتظمین اور کھلاڑیوں کی تمام تر تیاریوں کے بعد یہ فیصلہ افسوسناک اور چونکا دینے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ لاکھوں کرکٹ شائقین کے دلوں کو توڑنے کے مترادف ہے ۔
 

Advertisement