ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارت کی سکھ برادری نے بالی وڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت کو پاگل خانے بھجوانے کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر ایک سٹوری شیئر کی تھی جو سکھ برادری کے خلاف تھی، اداکارہ کے متنازع بیان کے بعد بھارت کی سکھ برادری نے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے انہیں پاگل خانے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارت کی سیاسی پارٹی شرومانی اکالی دل کے رہنما اور دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے صدر منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ کنگنا رناوت کو جیل میں بند کر دیا جائے یا پاگلوں کا علاج کرنے والے ہسپتال بھجوایا جائے۔
منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ کنگنا نے جان بوجھ کر کسانوں کے احتجاج کو خالصتانی تحریکوں کے طور پر اور مزید سکھ کمیونٹی کو خالصتانی دہشت گرد قرار دیا ہے، کنگنا نے سکھ برادری کے خلاف انتہائی توہین آمیز زبان استعمال کی ہے۔