اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ پاکستان اور مصر کی فلموں اور ڈراموں کا ترجمہ کرنے کیلئے ڈبنگ سینٹرز کھولنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ نے ملاقات کی، ملاقات میں ڈرامہ، فلم سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فواد چودھری نے کہا پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے لوگ مذہبی، ثقافتی اور بھائی چارے کے رشتوں سے جڑے ہیں، پاکستان اور مصر کے درمیان عظیم ثقافتی ورثہ موجود ہے۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، افغانستان میں بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اس صورتحال میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا، افغان عوام کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا، اس ضمن میں مصر بھی اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین کے دوران افغانستان کے مسئلہ پر بھی بات کریں گے۔
مصر کے سفیر نے کہا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔