نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ، امید ہے عدالت سختی سے نوٹس لے گی: فواد

Published On 01 February,2022 04:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ جمع کروانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ امید کرتا ہوں عدالت ان جعلی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لے گی۔

فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی بہت ہی دلچسپ میڈیکل رپورٹ آج ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے، جس میں ایک ڈاکٹر شال جو واشنگٹن میں رہتے ہیں، انہوں نے لندن میں رہنے والے نواز شریف کے بارے میں یہ کہا ہے کہ وہ بہت تناؤ میں ہیں اور ان کی کووڈ-19 کی وجہ سے حالت ایسی نہیں ہے کہ پاکستان کا سفر کریں۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس طرح کی میڈیکل رپورٹس سے سوائے اس کے کہ آپ پاکستان کے عدالتی نظام اور پاکستان کے قوانین کا مذاق اڑا رہے ہیں، اس کے علاوہ کوئی اور مقصد نہیں ہے۔ امریکا میں بیٹھے ہوئے ڈاکٹر جو 2004 سے آپ کے ذاتی معالج ہیں اور ان سے آپ اس طرح کی جعلی رپورٹس بھجواتے ہیں، تو دراصل آپ پاکستان کے جو قانونی نظام ہے اس کا مذاق اڑا رہے ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف کے پاس سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ پاکستان کے لوگوں کا پیسہ واپس کریں اور اس کے بعد لندن میں رہیں، اس طرح کی جھوٹی رپورٹس بھجوانے سے اس کا مقصد حل نہیں ہوگا۔ جس طرح یہ رپورٹ لکھی گئی ہے اس میں صرف یہی کمی ہے کہ انہیں ہائیڈ پارک کے علاوہ کہیں پر واک بھی نہیں کرنا چاہیے، اس سے ان کے ذہنی تناؤ میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ جعلی رپورٹس کا ایک پلندہ ہے، جو شریف خاندان تیار کرکے پاکستان بھیج رہا ہے، اس سے احتراز کریں اور جو کام قانونی طور پر ہے، اس کو سرانجام دیں اور پاکستان کے لوگوں کا پیسہ واپس کریں۔ مجھے امید ہے کہ عدالت نہ صرف جس طرح وہ باہر نکلے ہیں، اس کا نوٹس لے گی بلکہ جعلی رپورٹس کا بھی سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بنانے والے ڈاکٹر کا تعلق بھارت سے ہے، شہباز گل

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بنانے والے ڈاکٹر کا تعلق بھارت سے ہے۔

شہباز گل نے نوازشریف کی عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ٹویٹر پر اپنا بیان جاری کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ابھی معلوم ہوا کہ برطانیہ میں دل کے تمام ڈاکٹرز فوت ہوچکے ہیں اس لیے نوازشریف نے ایک بھارتی نژاد امریکی ڈاکٹر کو لندن بلوا کر اپنا معائنہ کرا کے مرضی کا خط لکھوایا۔

انہوں نے لیگی قیادت سے سوال کیا کہ کیا ہمیشہ کی طرح یہ رام کہانی بھی ہندوستان نے لکھوا کر دی گئی ہے؟ کیونکہ ڈاکٹر صاحب کا تعلق اصل میں ہندوستان سے ہیں، جن کے ماضی میں کچھ کارنامے اخبارات میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔

شہباز گل نے کچھ باتیں ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ڈاکٹر صاحب کے کارنامے آپ کے سامنے رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے بطور ثبوت بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کا لنک شیئر کیا اور دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر صاحب کے بارے میں بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا انکشاف کرچکی ہیں کہ انہیں فلمیں بنانے کا شوق ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ڈاکٹر صاحب اپنے خط میں چند اہم چیزیں لکھنا بھول گئے۔ انہیں لکھنا چاہئے تھا کہ مریض کے دل کو خوش رکھنے کے لئے ان کو فورا وزیراعظم بنایا جائے اور دو تہائی اکثریت دلوائی جائے، لندن میں 10 مہنگے اپارٹمنٹس لے کر دیے جائیں اور سیکورٹی اداروں ، ججز کو برا بھلا کہنے کی بھی اجازت دی جائے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ رپورٹ نہیں ہے ایک فلمی خط ہے، ایازصادق اپنے دل کوخوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کررہے تھے، نوازشریف نے پاکستان نہیں آنا، جھوٹی رپورٹیں دکھا کربھاگے، رات کے اندھیرے میں بھاگنے والا دن کے اُجالے میں واپس نہیں آتا، ان کی گزربسرہی جھوٹ بولنے میں ہے، ہم نے تو سابق وزیراعظم سے7ارب کی گارنٹی مانگی تھی، اگران سے7ارب لیے جاتے تو نوازشریف فوری ٹھیک ہو جاتے لندن نہ جاتے۔

انہوں نے کہا کہ لیگی صدر شہبازشریف نے گارنٹی دی ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، یہ رپورٹ نہیں اس طرح کے پریم پتر تو ڈاکٹرعدنان بھی لکھتے رہے، نواز شریف کے سیاسی دل جوڑنے کو عمران خان جوڑدیں گے، قائد ن لیگ جھوٹ بول کرگئے وہاں بھی ویزے کی توسیع کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں، ان کو قانونی طور پر واپس لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، برطانیہ کوبھی پتا چل گیا ہے نوازشریف بیمارنہیں جھوٹ بول رہے ہیں۔
 

Advertisement