نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ، اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا

Published On 12 January,2022 02:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا۔ خط میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے طلب کی گئی ہے۔

خط میں پنجاب حکومت کو کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹس پر ماہرین سے رائے لی جائے۔ ماہرین کی آراء کی روشنی میں ہی نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طبی ماہرین نے نواز شریف کی صحت بہتر قرار دی تو ان کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے نواز شریف کی عدم واپسی پر ان کے ضامن شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ اس حوالے سے تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کریں۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عدالت میں بیان حلفی اور ضمانت واپسی کی خلاف ورزی کا مذاق اڑایا ہے۔ سابق وزیر اعظم جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد نومبر 2019 میں علاج کے بیرون ملک گئے تھے تاہم وہ اب تک واپس نہیں آئے۔
 

Advertisement