لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کو خود ہی حیا کرنی چاہیے اورواپس آنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ججزنے انصاف سے کام لینا ہے، ہم نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے 7 ارب کی گارنٹی مانگی تھی، انہیں 7 ارب کے بجائے پچاس روپے کے اشٹام پیپر پر بیرون ملک بھیج دیا گیا، یہ سہولت باقی کسی پاکستانی کوحاصل نہیں ہے۔ ان کی رپورٹ پر پنجاب حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے، سابق وزیراعظم کی رپورٹ کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے، رپورٹ میں ’مینوپلیٹ‘ کیا گیا یا سیمپل کسی اورکے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے بیانِ حلفی دیا تھا کہ بڑے بھائی کو واپس لیکرآئیں گے، برطانوی ہائی کمیشن لیگی قائد سے دوبار رابطہ کرچکا ہے، شریف فیملی نے ابھی تک برطانیہ میں علاج کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف سے ڈاکٹرز کے بجائے ریسٹورنٹ کا پوچھ سکتے ہیں، نوہ لندن میں علاج نہیں ریسٹورنٹ میں جا رہے ہیں، اسی بات کو لیکر حکومت عدالت جا رہی ہے، اپوزیشن لیڈر سے واپسی کا پوچھا جائے گا، سابق وزیراعظم کو خود ہی حیا کرنی چاہیے اورواپس آنا چاہیے۔