ممبئی:(ویب ڈیسک) حال ہی میں اپنے شوہر راج کندرا کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنے والی بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کی والدہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اداکارہ شلپا شیٹھی کی والدہ کے خلاف 21 لاکھ بھارتی روپے کے قرض کی مبینہ عدم ادائیگی سے متعلق ایک کیس میں قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی کی عدالت نے اس سے قبل رواں ہفتے کے شروع میں شلپا، ان کی والدہ اور بہن شمیتا کو قرض کی واپسی پر ایک تاجر کی طرف سے دائر دھوکا دہی کے معاملے میں سمن جاری کیا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ شلپا کے مرحوم باپ اور سنندا شیٹھی نے 2015 میں ان سے رقم ادھار لی تھی اور اسے جنوری 2017 تک ادا کرنا تھا لیکن اسے کبھی واپس نہیں کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ قرض لینے کے حوالے سے شلپا اور ان کی بہن کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شلپا اور ان کی والدہ نے سمن کو سیشن عدالت میں چیلنج کیا تاہم پیر کو سیشن جج نے شلپا اور شمیتا کے خلاف مجسٹریٹ کے حکم پر عمل درآمد روک دیا لیکن ان کی والدہ کو کوئی راحت نہ دی۔