لاہور:(ویب ڈیسک)اداکارہ نادیہ خان کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کا تمسخر اڑانے سے متعلق کیس میں بری الذمہ قرار دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ شرمیلا فاروقی کی جانب سے اداکارہ کے خلاف ہتک عزت کے کیس میں نادیہ خان کو کلیئر کردیا ہے۔
عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ویڈیو 40 منٹ کی تھی جو اداکارہ صبور علی کی شادی پر بنائی گئی تھی جسے نادیہ نے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کیا تھا، میری ٹیم نے اس ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں ہمیں ایسا کوئی مواد نظر نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو کہ نادیہ نے جان بوجھ کر شرمیلا فاروقی کی والدہ کو بدنام کرنے کی نیت سے اس ویڈیو کو بنایا ہے۔
سائبر کرائم سندھ کے سربراہ نے مزید کہا کہ جہاں تک طنزیہ انداز کی یا چہرے کے تاثرات کی بات ہے تو اس کے حوالے سے قانون خاموش ہے لہٰذا نادیہ خان کو اس انکوائری میں کلیئر کردیا گیا ہے اور اس کیس کی تحقیقات کو بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نادیہ خان نے عمران ریاض کی ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا اور ہتک عزت کے کیس میں بری ہونے کے بعد خدا کا شکر اداکیا۔