اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے حکومت پر تنقید کرنے والے صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرلیا۔ محسن بیگ اور بیٹے کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ سے ایک اہلکار کے زخمی ہونے پر مقدمات درج کرلیے گئے۔
وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر ایف آئی اے نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر چھاپہ مارا، جس پر محسن بیگ نے گن نکال لی، مزاحمت پر فائرنگ بھی کی، ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
ایف آئی اے ٹیم محسن بیگ کو تھانے لیجانے میں کامیا ب ہو گئی۔ ایف آئی اے کی جانب سے وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر محسن بیگ کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کیا۔ مراد سعید نے صحافی محسن بیگ کے نجی چینل پر بولے گئے متنازع الفاظ کے تناظر میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
مقدمہ پیکا ایکٹ کی دفعات 20’ 21/D،500 اور 505 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا، چھاپے کے دوران فائرنگ اور مزاحمت پر ایف آئی اے نے متعلقہ تھانے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کروا دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے لیے مجاز عدالت سے وارنٹ حاصل کیے گئے۔ چھاپے کے دوران محسن بیگ، اس کے بیٹے و ملازمین نے ایف آئی اے کی ٹیم پر سیدھی فائرنگ کی۔ ایف آئی اے کے دو افسران کو یر غمال بنا کر زودوکوب کیا۔
دوسری طرف محسن بیگ کے وکیل نے ایڈیشنل سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایف آئی اے کی کارروائی کے خلاف درخواست دیدی، جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے متعلقہ ایس ایچ او اور محسن بیگ کو طلب کرلیا ہے۔