بنگلورو:(ویب ڈیسک) بھارتی بنگالی فلموں کے مشہور اداکار ابھیشک چیتر جی 58 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتر جی کے اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ ایک ریئلٹی شو کی شوٹنگ میں حصہ لینے کے دوران بیمار ہو گئے تھے، بعد ازاں انہیں ان کی شہزادہ انور شاہ روڈ والی رہائش گاہ پر سیلائن پلایا گیا۔ تاہم رات کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔
آنجہانی اداکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور بیٹی ہیں، چیتر جی 1980 کی دہائی کے آخر اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں بنگالی فلم انڈسٹری کی سرکردہ شخصیات میں سے ایک تھے، 1986 میں ترون مجمدار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’پتھ بھولا‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے ابھیشک نے کئی بلاک بسٹر بنگالی فلموں میں اداکاری کی۔