آپ دلوں میں رہنے والی امید ہیں: شان شاہد وزیراعظم عمران خان کے حق میں آ گئے

Published On 22 March,2022 07:51 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد شوبز شخصیات پی ٹی آئی چیئر مین کی حمایت میں سامنے آ رہی ہیں، اداکار منیب بٹ، اداکار خالد انعم، اداکار بلال قریشی کے بعد پاکستانی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شان شاہد نے بھی وزیراعظم کے حق میں ٹویٹ کر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے اداکار شان شاہد نے لکھا کہ عمران خان آپ نے ہمیں بدعنوانوں کے خلاف آواز اٹھانے کے خوف سے نجات دلائی۔ آپ نے ہمیں کرپٹ افراد سے سوال کرنے کی ہمت دی۔

اپنی ٹویٹ میں انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے ہمیں غلامانہ نیند میں سوئی ماضی کی حکومتوں کے خلاف جگایا، آپ ہمارے دلوں میں رہنے والی امید ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آپ سے لڑتے ہوئے یہ نہیں جانتے ہیں کہ ہم سب آپ کے ہیں۔ 

Advertisement