ممبئی: (روزنامہ دنیا) بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے بڑے بجٹ کی ریلیز فلموں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں نہیں بدلیں، سطحی تفریح سامنے آرہی ہے۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں نواز الدین صدیقی نے بڑے بجٹ کی حالیہ ریلیز فلموں ٹرپل آر اور کے جی ایف: چیپٹر 2 کی کامیابی، وجوہات اور بننے کے عمل پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بجٹ کی فلمیں یقینی طور پر شاندار ہوتی ہیں لیکن یہ صرف حیرت اور خوف پیدا کرتی ہیں، اس میں سینما کہاں ہے ؟ ہنر کہاں ہے ؟ ان کا کہنا تھا کہ میں اب بھی محسوس کرتا ہوں کہ فلمیں نہیں بدلیں، سطحی تفریح سامنے آرہی ہے ، بڑے بجٹ کی فلموں سے بہتر مواد کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم تخلیق کر رہا ہے۔
نوازالدین صدیقی نے کہا کہ کم بجٹ کی فلموں کو سینما گھروں میں ریلیز کروانے کیلئے محنت کرنی پڑتی ہے، بڑے بجٹ کی فلموں میں ویژول تجربات اچھے ہوتے ہیں، میں بھی دیکھتا ہوں، لیکن اس میں ہنر کہاں ہے؟۔