ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک اور گلوکار و اداکار منکرت اولکھ گینگسٹر گولڈی برار کی ہٹ لسٹ پر آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے دلخراش اور بہیمانہ قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اب رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایک اور مقبول گلوکار منکریت اولکھ گینگسٹر کا اگلا ہدف ہو سکتے ہیں۔
دریں اثنا گولڈی برار جس نے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے، بشنوئی پنجاب یونیورسٹی کی سٹوڈنٹ آرگنائزیشن (SOPU) کے سابق صدر ہیں اور وہ اس وقت راجستھان کی جیل میں بند ہے جبکہ اس کے بارے بتایا جارہا ہے کہ وہ گلوکار کے قتل کا مرکزی ملزم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی کے وکیل نے ان کے ملوث ہونے کی تردید کی اور سوال کیا کہ جیل سے قتل کی اتنی بڑی سازش کیسے تیار کی جا سکتی ہے؟۔
اب یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک اور معروف پنجابی گلوکار منکرت اولکھ کا نام کینیڈین ٹھگ گولڈی برار کی ہٹ لسٹ میں شامل ہوسکتا ہے، اولکھ کو اپریل میں دیویندر بمبیہا گینگ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد گلوکار نے اپنی سکیورٹی میں اضافہ کرنے کو کہا تھا۔