لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ عفت عمر نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی بہت عزت کرتی ہوں، آئندہ ووٹ مسلم لیگ ن کو دوں گی، عمران خان نے ملک کو تباہ کر دیا۔
معروف اداکارہ کے انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں میں انہوں نے شوبز کو خیر آباد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک چیز پر تنقید کرتی ہوں تو کیسے وہی کام کر سکتی ہوں، ہم سب اس ملک کی اچھائی چاہتے ہیں، فرق یہ ہے مجھے لگتا ہے فلاں لوگ بہتر سنبھالیں گے، آپ کو لگتا ہے فلاں لوگ سنبھالیں گے لیکن بیچ میں گالیاں کیوں دیتے ہیں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ مجھ پر تنقید کریں، بحث کریں، آپ مجھ سے لوجک پر بات کریں تو شاید میں آپ کو جواب بھی دے دوں، یہ گالیاں دینے سے آپ اپنی تربیت کا اظہار کرتے ہیں۔
عفت عمر نے مزید کہا کہ اس طرح سے آپ اپنے ماں باپ کا نام خراب کرتے ہیں، اپنے لیڈر کا نام برا کرتے ہیں لہٰذا بس کردیں، آپ لکھیں کہ آپ مجھ سے رضامند نہیں ہیں یا پھر میری کسی بات سے اداس ہوئے ہیں لیکن میرے شوہر اور بیٹی سمیت مجھے گندی گالیاں کیوں دیتے ہیں، اس سے آپ کو کیا ملے گا؟
ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے سیاست پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ ماضی میں وہ عمران خان کی بڑی مداح تھیں اور ان کے لیے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے مفت پروگرامات بھی کیے اور تحریک انصاف کے جلسوں میں بھی شریک ہوئیں۔ اس وقت عمران خان خاموش رہتے تھے مگر حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے بولنا شروع کیا اور خود کو ہی عیاں کیا، انہوں نے تباہی مچائی، ملک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔
اداکارہ و میزبان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ مریم نواز کی بہت عزت کرتی ہیں اور اس بار وہ ان کی ہی پارٹی کو ووٹ دیں گی، تاہم اگلی بار وہ بلاول بھٹو زرداری کو ووٹ دیں گی۔ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری ان کے اس وقت پسندیدہ سیاست دان ہیں جب کہ اگر انہیں کبھی کسی سیاستدان کا کردار ادا کرنے کی پیش کش ہو تو وہ بے نظیر بھٹو کا کردار ادا کریں گی۔ مریم نواز بہت خوبصورت ہیں اور وہ ان کے کردار کے لیے فٹ نہیں، ان کا کردار صبا قمر اچھی طرح نبھا سکتی ہیں۔