کراچی:(ویب ڈیسک) معروف گلوکارہ و مایہ ناز اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ روبینہ قریشی انتقال کر گئیں۔
کینسر کے باعث زندگی کی بازی ہارنے والے اداکار تنویر جمال کے بعد گلوکارہ روبینہ قریشی کے انتقال کی تصدیق اُن کے اہلِ خانہ نے کی۔
خیال رہے کہ روبینہ قریشی کی عمر 81 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے کینسر میں مبتلا تھیں، اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ روبینہ کا اصل نام عائشہ قریشی تھا۔
مرحومہ 1940ء میں حیدرآباد میں پیدا ہوئیں، انہوں نے سندھی کے علاوہ اردو، پنجابی اور سرائیکی گیت بھی گائے، مصطفیٰ قریشی سے شادی کے بعد روبینہ قریشی 1970ء میں لاہور منتقل ہو گئیں، روبینہ قریشی نے سندھ یونیورسٹی سے مسلم ہسٹری میں ماسٹرز کیا تھا۔
معروف اداکار تنویر جمال کینسر کیخلاف جنگ لڑتے جان کی بازی ہار گئے
اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی علاج کی غرض سے جاپان منتقل ہوئے تھے۔
اداکار تنویر جمال نے جاپان میں مختلف ڈاکٹرز کو چیک اپ کرایا تاہم ڈاکٹرز نے نامور پاکستانی اداکار کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ کہہ کر جواب دے دیا تھا کہ اگر تنویر جمال کا آپریشن کیا گیا تو ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اداکار تنویر جمال نے لواحقین میں جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔
تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے تھے، اداکار کو ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔