علیزے شاہ کو شعیب اختر کی تصویر پر کیا گیا تبصرہ پسند آگیا

Published On 09 July,2022 03:17 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ علیزے شاہ نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی تصویر پر ایک صارف کی جانب سے کیا جانے والا تبصرہ شیئر کیا اور اسے میمرز کے لیے مثال بھی قرار دیا۔

چند دن قبل سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر احرام پہنے اپنی تصاویر شیئر کیں اور اطلاع دی کہ وہ سرکاری مہمان کی حیثیت سے حج پر روانہ ہو رہے ہیں۔

سابق فاسٹ باؤلر کی اسی ٹوئٹ پر ایک صارف نے ہلکے پھلکے انداز میں تبصرہ کیا جو کافی وائرل ہوا، صارف نے لکھا کہ "شیطان کو اس سال 150 کلو میٹر کی رفتار سے کنکریاں پڑیں گی"۔

تاہم معروف اداکارہ علیزے شاہ کو صارف کا یہ تبصرہ اتنا پسند آیا کہ انہوں نے اسے مثال کے طور پر استعمال کیا۔

اداکارہ علیزے شاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا یہ ہے وہ جسے میں میم کہہ سکتی ہوں، یاد رکھیں! مذاق کرنے اور مذاق اڑانے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔