ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ و ماڈل عرفی جاوید نے اپنی موت کی خبروں کو جھوٹا اور جعلی قرار دے دیا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے بولڈ لباس کے باعث تنقید کا نشانہ بننے والی والی متنازع بھارتی ماڈل عرفی جاوید نے اپنی خودکشی کی خبروں کے حوالے سے وضاحت دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفی جاوید نے انسٹاگرام پر اپنی پرانی تصویر شیئر کی تھی، جسے ان سے نفرت کرنے والے افراد نے ایڈٹ کرتے ہوئے ان کی خودکشی کی خبریں پھیلادیں، لوگوں نے ماڈل کی تصویر کو ایڈٹ کرکے ان کے گلے میں پھندا لگا دیا۔
عرفی جاوید نے ایڈٹ شدہ تصاویر کو انسٹاگرام سٹوری میں شیئر کرتے ہوئے اپنی موت کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے برہمی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پہلے ہی موت کی دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں اور اب موت کی خبریں بھی پھیلائی جانے لگی ہیں۔
خیال رہے کہ عرفی جاوید ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنؤ میں مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئیں، انہیں’بگ باس‘ کے پہلے سیزن میں شرکت کے بعد شہرت ملی، اب تک ایک درجن کے قریب ٹی وی ڈراموں اور چند ویب سیریز میں کام کرچکی ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیتی ہیں۔
اداکارہ کو ان کے لباس کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے جبکہ ان کے فیشن سینس کو بھی بھارتی روایات کے خلاف قرار دیا جاتا رہا ہے۔