ممبئی: (ویب ڈیسک) سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے انکشاف کیا ہے کہ دلی سکون کیلئے شہرت اور دولت کو چھوڑا۔
انڈسٹری کو خیر باد کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ٹی وی اور فلموں میں کامیابی کے بعد بھی وہ ذہنی دباؤ کا شکار رہیں، جس کے بعد انہوں نے حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔
شوبز کو خیرباد کہنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ثنا خان نے کہا کہ ماضی میں میرے پاس سب کچھ تھا، پیسہ، نام، شہرت، اور میں اپنی مرضی کے مطابق سب کچھ کر سکتی تھی مگر ایک چیز کی کمی تھی میرے دل کو سکون نہیں مل رہا تھا۔
سابق اداکارہ نے کہا کہ مجھے ابھی تک یاد ہے رمضان کے مہینے میں مجھے خواب میں قبر دکھائی دیتی رہی، جس میں آگ ہوتی اور میں خود کو اس قبر میں پاتی، میں نے محسوس کیا کہ اللہ مجھے دکھا رہا ہے کہ اگر میں نے اپنی زندگی کو تبدیل نہیں کیا تو میرا یہی انجام ہو گا، اس کے بعد میں بے قرار رہنے لگی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے ایک بیان میں پڑھا کہ آپ نہیں چاہتیں کہ آپ کا آخری دن حجاب پہننے کا پہلا دن ہو، اس بات نے میرے دل کو چھو لیا اور اسکے بعد میں نے پوری زندگی حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔