لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اور خوبرو اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے والد سے متعلق جذباتی پیغام شیئر کر دیا۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے مرحوم والد کی ایک مونوکروم فوٹو شیئر کی ہے اور ساتھ ہی مرحوم والد کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ 2 سال کی بھی نہیں ہوئی تھیں، ان کے والد کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد اُنہیں اور ان کے بھائی عزیز عمر کو ان کی والدہ نے اکیلے ہی پالا۔ والد کے انتقال کے بعد ان کی والدہ نے دوسری شادی نہیں کی اور تمام تر مشکلات کے باوجود اپنی پوری زندگی ہماری پرورش کے لیے وقف کردی۔
خوبرو اداکارہ کا کہنا تھا کہ چاہتی تھی ہم بہترین تعلیم حاصل کریں، دنیا کا سفر کریں اور سوچ کو وسیع کریں لیکن والدہ اداکارہ کے لیے بہت خوفزدہ رہتی تھیں کیونکہ ان کی ایسی پراعتماد چھوٹی بیٹی جس کے سر پر باپ کا سایہ نہیں تھا، اپنے اردگرد موجود ہر فرد کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتی تھی اور دنیا کی سیر کرنا چاہتی تھی۔
عائشہ عمر نے کہا کہ اس خیال نے والدہ کو خوفزدہ کر دیا میری بیٹی کی حفاظت کے لیے باپ نہیں ہے۔ جب اُنہوں نے تعلیم مکمل کرلی تو فیملی کو سپورٹ کرنا شروع کردیا لیکن وہ خود بھی اپنے آس پاس موجود لوگوں سے خوفزدہ تھیں جن میں سے کچھ لوگوں نے ان کی ہمیشہ مدد کی اور کچھ ان کے لیے تکلیف کا باعث بنے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اللّٰہ نے ہمیشہ ان کی حفاظت کی اور پھر آہستہ آہستہ ان کے اندر موجود خوف کم ہونے لگا۔ مجھے یقین ہے والد کو ان پر فخر ضرور ہوگا کیونکہ اُنہیں خود اپنے آپ پر فخر ہے۔