لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ عینی جعفری چار سال بعد ویب سیریز "مندی" سے سکرین پر واپسی کریں گی۔
سوشل میڈیا کی ویڈیو شیئرنگ اپیلی کیشن انسٹا گرام پر پوسٹ میں عینی جعفری نے لکھا کہ 4 برس کے بریک کے بعد انتہائی باصلاحیت کاسٹ کے ساتھ پروجیکٹ کا حصہ بننے پر میں بہت خوش اور پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اداکاری کے میدان میں دوبارہ واپسی پر بیک وقت میں نروس بھی ہوں اور بہت پرجوش بھی ہوں، اتنا وقت گزرنے کے باوجود فن کے لیے مجھ میں جو جذبہ ہے وہ کبھی ختم ہی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اویس خان کی ہدایت کاری میں سیاست کے موضوع پر بننے والی ویب سیریز "مندی" کی شوٹنگ کا آغاز لاہور میں ہوچکا ہے، ویب سیریز میں عینی جعفری کے علاوہ صبا قمر، میکال ذوالفقار اور شایان خان بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔