لاہور:(ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈیافتہ معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی نے دسمبر سے اپنی تمام فلاحی سرگرمیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
نجی کالج میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود بھٹی کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے بدلے مجھے مقدمات کا سامنا کرنا پڑااور میرے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ کر لیا جاتا ہے، یتیم خانے کی زمین پر ایک وکیل قابض ہوگیا، جس کے خلاف کوئی شنوائی نہیں ہوئی، الٹا مجھ پر کیس کر دیا گیا ہے۔
معروف فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت اب چھوڑ دی ہے، مارچ تک انصاف نہ ملا تو بھوک ہڑتال کروں گا، احتجاجاً ستارہ امتیاز بھی واپس کر رہا ہوں، اپنی فریاد چیف جسٹس پاکستان تک پہنچاؤں گا۔
محمود بھٹی نے کالج میں آرٹ اور اکاؤنٹنگ کے مقابلوں میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں انعامات تقسیم کیے، اوراکاؤنٹنگ، فنانس اور مینجمنٹ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو کیش پرائز بھی دیے۔