ممبئی :(ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکاریوسف خان المعروف دلیپ کمار کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پرانہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شاندار فلم فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق آئندہ ماہ11 دسمبر کو شہنشاہِ جذبات کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکارکی پیدائش کو 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔ اس موقع پر 10 اور 11 دسمبر کو فلمساز شیویندر سنگھ ڈونگرپور کےذریعہ قائم ’فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے فلم فیسٹیول منعقد کیا جائے گاجس میں انکی سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے والی فلموں ’آن‘، ’شکتی‘ اور ’دیوداس‘ کو ایک بار پھر سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
دلیپ کمار ہیروز کا ہیرو کے عنوان سےمنعقدکئےجانے والے فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فیسٹیول بھارتی سینما کے عظیم اداکاروں میں سے ایک کو بڑی اسکرین پر دوبارہ دیکھنے کے لیے ایک ناقابلِ یقین موقع ہو گا۔
دوسری جانب مرحوم اداکار کی بیگم سائرہ بانو کا اس حوالےسے کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دلیپ صاحب کا 100 واں یومِ پیدائش اس طرح منایا جا رہا ہے۔ فیسٹیول منانے کے لیے ’دلیپ کمار ہیروز آف ہیرو‘ سے بہتر ٹائٹل نہیں ہو سکتا۔ وہ میرے پسندیدہ ہیرو تھے، جب میں نے انھیں فلم ’آن‘ میں دیکھا تھا تو 12 سال کی تھی۔ ایک بار پھر سے انھیں پردے پر دیکھنا خوشی کی بات ہے۔