لاہور : (ویب ڈیسک ) پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے پزیرائی حاصل کی ہے ،28 سالہ اداکارہ نے بار بار ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی کردار کو زندہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔
سجل علی نے حال ہی میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز جمائما گولڈ سمتھ کی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ سے کیا ہے جس کی سکریننگ سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوئی ہے ۔
اداکارہ نے فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن میں اپنے ہالی ووڈ پراجیکٹ کی دیگر کاسٹ کے ساتھ شرکت کی جس میں معروف بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور فلم کے ہدایت کار شیکھر کپور شامل تھے ۔
فیسٹیول کے دوران شیکھر کپور نے سجل علی کو پاکستان انڈسٹری کی شاندار اداکارہ قرار دیتے ہوئے فلم میں ان کی اداکاری کی خوب تعریف کی۔
سجل علی کی فیسٹیول میں شرکت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں اداکارہ کو فلم کی دیگر کاسٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے ۔
اداکارہ کی وائرل تصاویر کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے ۔
واضح رہے کہ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں ہندوستانی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے نام موجود تھے، شاہ رخ خان، کاجول اور پریانکا چوپڑا نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔