لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہروز سبزواری اور ان کی سابقہ اہلیہ اداکارہ سائرہ یوسف اپنی نئی فلم ’’ بے بی لیشیس ‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، معروف جوڑی نے طلاق کے باوجود حال ہی میں ایک انٹرویو میں شرکت کی اور ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ تعلق قائم رہنے پر بات کی۔
انٹرویو کے دوران محبت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سائرہ نے کہا کہ میرے لئے محبت تحفظ ہے، اگر آپ کسی کے ساتھ محفوظ محسوس کرتے ہیں تو امکان ہے کہ اس سے آپ کو خالص محبت ہوجاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہے توپھر وہاں بے چینی اور خوف جیسے جذبات جنم لیں گے۔
اسی حوالے سے شہروز نے کہا کہ میرے خیال میں محبت عزت ہے، زیادہ تریہ احترام پرمبنی ہے، کسی بھی قسم کی محبت کو احترام کی ضرورت ہوتی ہے چاہے وہ آپ کے والدین، بیوی یا بچوں کے ساتھ ہی کیوں نہ ہو، اس شخص کی عزت سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ اگرعزت نہیں ہوگی تو آپ جلد یا بدیر محبت سے باہرہوجائیں گے۔
فلم بے بی لیشیس پربات کرتے ہوئے دونوں نے کہا کہ ہم نے فلم کے کچھ حصوں کی عکسبندی گزشتہ سال مکمل کروائی تھی، ایک ساتھ کام کرنا ہمیں طلاق کے بعد اچھے تعلقات قائم رکھنے میں مدد دے رہا ہے کیونکہ ہم ایک بچی کے والدین ہیں ۔
سائرہ نے بیٹی کے حوالے سے کہا کہ جب آپ کسی انسان کو خود سے پہلے ترجیح دیتے ہیں تو پھرآپکو اپنے مسائل بہت چھوٹے نظرآتے ہیں اور ترجیحات بھی اس انسان کی پسند نا پسند اور ضروریات سے جڑ جاتی ہیں۔