کراچی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر نازیبا الزامات لگانے سے متعلق اداکارہ کبریٰ خان کی درخواست پر ایف آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی۔
رپورٹ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں معروف اداکارہ کبری خان کی نازیبا الزامات لگانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس صلاح الدین پہنور کی رخصت کے باعث دوسری بینچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو ارسال کردیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالتی حکم پر کبریٰ خان کیخلاف مہم چلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق ایف آئی اے نے رپورٹ پیش کی۔
ایف آئی اے نے رپورٹ میں کہا کہ کبری خان کیخلاف مہم چلانے والے تمام اکائونٹس بلاک کرنے کیلئے پی ٹی اے کو معاملہ بھیج دیا گیا ہے یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹا گرام سمیت دیگر اکاؤنٹس بلاک کرنے کیلئے بھی کہہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کبریٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کے بعد عدالت نے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا پر اداکاراؤں سے متعلق مواد بلاک کرنے اور معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
اداکارہ نے 5 جنوری کو سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سابق فوجی افسر نے میڈیا انڈسٹری کی 4 اداکاراؤں پر جھوٹے الزامات لگائے، من گھڑت الزامات سے درخواستگزار و دیگر اداکاراؤں کی عزت اور وقار کو مجروح کیا گیا۔