سعدیہ خان نے آریان سے تعلقات کی خبریں بے بنیاد قرار دیدیں

Published On 12 January,2023 04:46 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل سعدیہ خان نے آریان خان کے ساتھ تعلقات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ و ماڈل سعدیہ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ تصویر کے حوالے سے زیر گردش افواہوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’ کسی کے ساتھ تصویر کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اس کے ساتھ تعلقات بھی ہیں ‘‘۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ نیو ایئر پارٹی کے دوران دبئی میں آریان خان سے اتفاقاً ملاقات ہوئی جبکہ اس موقع پر کئی دیگر فنکار بھی موجود تھے جن کے ساتھ میں نے تصاویر بنوائیں تاہم آریان کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر زیادہ وائرل ہوئی۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ کسی تصویر میں کسی کا ایک ساتھ نظر آجانے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ وہ لوگ ڈیٹ کر رہے ہوں، صرف ایک تصویر کی بنیاد پر کہانیاں گڑنا ٹھیک نہیں ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ سعدیہ خان اور بھارتی اداکار شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کی ایک ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد مختلف قسم کی خبریں زیر گردش تھیں۔