بھارتیوں کو پاکستان کے بارے میں کسی چیز کا علم نہیں: صنم سعید

Published On 13 January,2023 03:00 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ بھارتیوں کو عام پاکستانیوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں اداکارہ صنم سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کئی نسلیں بالی وڈ کی فلمیں دیکھ کر بڑی ہوئیں، پاکستانی بھارت کے رہن سہن، کھانوں، لباس اور ثقافت کے بارے میں جانتے ہیں۔

صنم سعید کا مزید کہنا تھا کہ اس کے برعکس بھارتیوں کو پاکستان کے بارے میں کچھ پتا نہیں ہے، پاکستانی خواتین کے ملبوسات سے لے کر کھانوں تک عام بھارتی کچھ نہیں جانتا، پاکستانیوں کو بھارتی اداکاراؤں سے متعلق ہر بات اور چیز کا علم ہے لیکن بھارتیوں کو پاکستان اور اس سے متعلق کسی چیز کا کوئی علم نہیں۔

اداکارہ کے مطابق کچھ سال قبل ایک بھارتی چینل کھلا تھا تو بھارتی ناظرین نے پاکستانی ڈرامے دیکھنے شروع کئے، ان ڈراموں میں دکھائے جانے والی ہرچیز ان کے لئے حیران کن تھی تاہم بعد میں اس چینل کو بھی بند کردیا گیا۔

سیاسی کشیدگی کے باعث اب پاکستان اور بھارت کے آرٹسٹوں کا ایک دوسرے کے ملک میں کام کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔