لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار زاہد احمد اور کنزہ ہاشمی نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے نجی لمحات کی تصاویراور ویڈیوز شیئر کرکے کبھی کسی پر بھروسہ نہ کریں۔
کنزہ ہاشمی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس کے کیپشن میں لکھا کہ "کبھی کسی پر بھروسہ نہ کریں"، ویڈیو میں کنزیٰ ہاشمی کے ہمراہ زاہد احمد بھی شامل تھے ۔
زاہد احمد نے سوشل میڈیا پر نام نہاد دوستوں کے ساتھ اپنی نجی تصاویر یا ویڈیوز شئیر کرنے کے حوالہ سے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سیکنڈ لگتا ہے کسی لڑکی کی عزت خاک میں مل جانے یا کسی لڑکے کی شہرت تباہ ہونے میں، پھر ساری زندگی نکل جاتی ہے سوشل میڈیا پر اپنی صفائی دیتے دیتے، خود کا دفاع کرتے کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ویسے تو کوئی پاگل ہی ہوگا جو اپنی نجی سطح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرے گا مگر کسی کو اپنا سمجھ کر واٹس ایپ یا سنیپ چیٹ تو کی جاسکتی ہے۔
کنزیٰ ہاشمی کا اس حوالہ سے کہنا تھا کہ کیا پتہ جسے آج آپ اپنا سمجھ کر نجی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کررہے ہوں اس کے لیے آپ کل اجنبی بن جائیں، آپ کو کیسے معلوم ہو گا کہ کس نے کب سکرین ریکارڈنگ آن کی ہو یا دوسرے موبائل کے کیمرہ کا استعمال کیا جارہا ہو۔
واضح رہے کہ زاہد احمد اور کنزہ ہاشمی آنے والے نئے ڈرامہ سیریل Mere Ban Jao میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، ان کے علاوہ ڈرامہ میں اداکار اظفر رحمان بھی دکھائی دیں گے۔
یہ ڈرامہ سوشل میڈیا پر نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے آن لائن ہراساں کیے جانے کے سچے واقعات پر بنایا گیا ہے اور اس میں ہراسانی سے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔