لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قیصر نے کہا ہے کہ تمام فنکاروں کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے، کوئی دوسرے کے خلاف برا نہ بولے اور خود کو بہتر شخص کے طور پر منوائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکارہ فضیلہ قیصر نے کسی بھی شوبز شخصیات کا نام لیے بغیر تمام شخصیات کو ایک دوسرے کی عزت کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف قانونی کارروائیاں نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
سینئر اداکارہ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانے کو ڈیجیٹل وار قرار دیا۔
فضیلہ قیصر نے اپنے ویڈیو پیغام میں تمام شخصیات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہئیے کہ وہ ایک دوسرے کو قانونی نوٹسز نہ بھیجیں اور عزت کے ساتھ رہیں اور ایک دوسرے کا احترام کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ نوجوان اداکار ڈیجیٹل وار سے پرہیز کریں ، ایک دوسرے کے نجی معاملات میں باالکل دخل نہ دیں، رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے جس کو ملنا ہے جہاں سے ملنا ہے ملتا رہے گا، جیئں اور جینے دیں۔