نازیبا ویڈیوز کیس: عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ پر فرد جرم عائد

Published On 26 January,2023 03:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا پر نازیبا ویڈیو لیک کرنے سے متعلق کیس میں معروف ٹی وی میزبان اور مذہبی سکالر عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔

ملزمہ دانیہ شاہ کو کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس دوران عدالت نے ملزمہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی جب کہ دانیہ شاہ نے صحت جرم سے انکار کیا۔

عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کے گواہان کو 2 فروری کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے دانیہ شاہ کو مبینہ طور پر مرحوم عامر لیاقت حسین کی تذلیل کی نیت سے نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے نے عدالت سے دانیہ شاہ کا جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

 

Advertisement