لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ویڈیو لیک کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرحوم رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے نازیبا ویڈیو لیک کیس میں عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کو لودھراں سے حراست میں لیا ہے۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین رواں برس 9 جون کو انتقال کرگئے تھے، انہوں نے جنوری میں دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔
دانیہ شاہ نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی کہ اسی دوران عامر لیاقت کی بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن کے حوالے سے عامر لیاقت انتہائی صدمے کی کیفیت میں تھے، انہوں نے ان ویڈیوز پر روتے ہوئے ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔