اداکار خیام سرحدی کو دنیا سے رخصت ہوئے 12 برس بیت گئے

Published On 03 February,2023 10:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) ہنس مکھ ، ملنسار اور ورسٹائل اداکار خیام سرحدی کو ہم سے بچھڑے 12برس بیت گئے، وہ ریڈیو پاکستان میں میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں، انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

ورسٹائل اداکار خیام سرحدی 12 جون 1948 کو ممبئی میں پیدا ہوئے، بچپن میں ہی اپنے والد کے ساتھ پاکستان منتقل ہوگئے، ان کےوالد ضیاء سرحدی اپنے وقت کے معروف فلمی ڈائریکٹر تھے وہ انہیں ڈاکٹر بنانے کے خواہشمند تھے مگر خیام سرحدی پر اداکار اور ہدایتکار بننے کا جنون سوار تھا۔

آخر والد کو بیٹے کے شوق کے آگے ہتھیار ڈالنے پڑے اور انہوں نے اداکاری، ڈائریکشن اور پروڈکشن کا کورس کروانے کے لئے یونان بھجوا دیا جہاں سے ڈپلومہ کرنے کے بعد خیام سرحدی تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔

خیام سرحدی نے ریڈیو پاکستان میں میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دیئے جہاں سے پی ٹی وی کے پروڈیوسر یاور حیات نے ٹی وی ڈراموں میں متعارف کروایا، خیام سرحدی نے 70ء کی دہائی میں ڈرامہ ’’ایک تھی مینا‘‘ سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا۔

ان کے مشہور ڈراموں میں دہلیز، داستان، لازوال، من چلے کا سودا، غلام گردش اور وارث شامل ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 3 فلمیں اک سی ڈاکو، بوبی اور مہک میں کام کیا۔

خیام سرحدی کو فنی خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا، انہوں نے 2 شادیاں کیں، پہلی بیوی عطیہ اشرف سے ان کی 4 بیٹیاں ہیں، دوسری شادی اداکارہ زمرد خان کی بہن صاعقہ سے کی، جن سے ان کی 3 بیٹیاں ہیں۔

اپنے انداز کا یہ منفرد فنکار 3 فروری 2011ء کو دل کا دورہ پڑنے پر خالق حقیقی سے جا ملا۔
 

Advertisement