لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار بلال اشرف نے کہا ہے کہ مایا علی جیسی زبردست اداکارہ کے ساتھ کام کرنا بہت ہی اچھا لگتا ہے ، میں نے ’’ڈرامے کرنا‘‘ مایا علی سے ہی سیکھا ہے۔
اداکار بلال اشرف نے غیر ملکی جریدے کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ اپنے اداکاروں کی عزت کریں، کیونکہ یہ سب عوام کے لیے ہی کام کرتے ہیں، پاکستان کے اداکاروں کو بھارت یا کسی اور ملک سے پذیرائی کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، پاکستان کے عوام اپنے اداکاروں کو اپنا سمجھیں۔
بلال اشرف نے کہا کہ ان کا رجحان ڈرامے کی طرف نہیں ہے کیونکہ ڈرامے میں ایک دن میں کئی کئی سین کی عکس بندی کی جاتی ہے جبکہ فلم میں ایک یا دو سین ہی ہوتے ہیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں بہت سی فلموں کی پیشکش ہوئی ہے لیکن جو کہانی دل کو بھائے وہی کرنے کا دل چاہتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اداکارہ ماہرہ خان، مایا علی، مہوش حیات اور صبا قمر بہت اچھی اداکارائیں ہیں، انہیں بطور ایکشن ہیروئن بھی جب تک موقع نہیں ملے گا وہ اپنا کام کیسے دکھائیں گی، اس لیے ابھی یہ کہنا کہ کون ایکشن ہیروئن ہوگی ممکن نہیں۔