کراچی: (دنیا نیوز) اداکارہ گل رعنا، صباء حمید اور ماریہ واسطی نے کراچی میں شوٹنگ کے دوران ہجوم کی جانب سے فنکاروں پر حملے کی مذمت کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ گل رعنا نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد فلم کی شوٹنگ کے دوران حملے کی مذمت کرنا ہے، میں وہاں موجود تھی، لاٹھیوں سے حملہ کیا گیا، وہاں کوئی لڑائی جھگڑا نہیں تھا، شوٹنگ کے دوران شور ہوا تو حملہ کر دیا گیا۔
گل رعنا نے بتایا کہ ایک گھرمیں شوٹنگ کر رہے تھے، باہر سے حملہ ہوا، پولیس موجود تھی اور حملہ آوروں کے سامنے بے بس تھی، وکیل نے کہا آپ کا کیس مضبوط نہیں، جج نے تائید کی، کیا کسی کی جان جائے گی تو کیس مضبوط ہوگا، خوف کی وجہ سے مزید ساتھی آرٹسٹ اس پریس کانفرنس کا حصہ نہیں بنے۔
اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا کہ پرتشدد ہجوم کی جانب سے فنکاروں پر حملہ افسوسناک ہے، ایسےعناصر کو قانون کا خوف نہیں کیونکہ ضمانت آسانی سے ہو جاتی ہے، وزراء کے پاس نفریاں ہیں اورعام آدمی محفوظ نہیں۔
اداکارہ صباء حمید نے کہا کہ لوگوں کو پولیس کا خوف نہیں رہا، میں قوم اور نوجوان نسل سے اپیل کرتی ہوں کہ عدم برداشت کی طرف نہ جائیں، ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں نے اداکارہ حرا مانی اور فلم ڈائریکٹر نبیل قریشی پر حملہ کیا اور شوٹنگ سٹاف و دیگر عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔