لاہور: (دنیا نیوز) سالانہ بین الاقوامی فیض فیسٹیول کا آغاز کل بروز جمعہ 17 فروری سے لاہور میں ہو رہا ہے جس میں بھارتی شاعر، مصنف اور فلم رائٹر جاوید اختر شرکت کریں گے جس کے لیے حکومت نے اُن سمیت دیگر بھارتیوں کو ویزہ جاری کردیا ہے۔
تین روزہ پروگرام میں برطانیہ، کینیڈا، امریکہ اور بھارت سمیت مختلف ممالک کے غیر ملکی مندوبین اپنی مختلف ادبی، موسیقی اور فنی سرگرمیوں کی میزبانی کریں گے۔
الحمرا آرٹس کونسل میں 60 سے زائد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مباحثے، لیکچرز، تھیٹر، ڈانس پرفارمنس اور قوالی کی محفل شامل ہوگی۔
فیض فیسٹیول میں شرکت کیلئے مہنگے ٹکٹ مختص کرنے پر ادبی حلقوں اور شہریوں نے منتظمین کو تنقید کا نشانہ بنایا تو انتظامیہ نے فیسٹیول میں تمام لوگوں کا داخلہ بالکل مفت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الحمرا ہال، مال روڈ، کینال روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر آئندہ تین روزہ ادبی میلے کی تیاریاں جاری ہیں۔
پنجاب آرٹس کونسل کے سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ’فیض فیسٹیول میں بیشتر پروگرام عوام کیلئے مفت ہوں گے، ہم سیاسی کشیدگی اور پی ایس ایل کے باوجود پرامید ہیں کہ عوام بڑی تعداد میں پروگرامز میں شرکت کریں گے‘۔
فیض فاؤنڈیشن کی جانب سے ساتویں میلے کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ تقریب 17 سے 19 فروری تک جاری رہے گی، تقریب کا باقاعدہ آغاز پہلے دن نماز جمعہ کے بعد ہوگا۔
فیض احمد فیض کی صاحبزادی منیزہ ہاشمی نے بتایا کہ ’ ہم اپنی روایت پر قائم رہتے ہوئے فیض فیسٹیول کو فیض احمد فیض کے وژن اور مشن کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں، ہم اس سال پرفارمنس کے ساتھ معیار اور مطابقت کے درمیان توازن لانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں جو کچھ حاصل کرنے کی امید ہے وہ یہ ہے کہ پرفارمنس اور مہمان موجودہ حالات کے مطابق ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ رواں سال بھارت کا ایک بہت بڑا وفد بھی فیسٹیول میں شرکت کر رہا ہے اور ہم انہیں ویزے جاری کرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں، معروف بھارتی گیت نگار اور شاعر جاوید اختر بھارتی وفد کی سربراہی کریں گے، میلے کے دوران وہ اپنی نئی کتاب کی رونمائی کریں گے اور مشاعرہ کا حصہ بھی ہوں گے۔
منیزہ نے مزید انکشاف کیا کہ وہ بھی اس پینل کا حصہ ہوں گی، جسے عدیل ہاشمی ماڈریٹ کریں گے، انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ’مذکورہ پینل میں ہندوستان کے شاعر اور فنکار بھی شامل ہوں گے، حبیب ولی محمد کے بیٹے رضوان ولی محمد 40 سال بعد امریکا سے پاکستان آرہے ہیں، وہ اپنا فیض صاحب کی تخلیقات پر تیار کیے جانے والے گیت پیش کریں گے، برطانیہ سے صابری گھرانے کے قوالوں کا ایک وفد اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا، فیض میلے میں کتھک رقاصہ فرح یاسمین شیخ بھی آرہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’گلوکار شفقت امانت علی کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے ٹکٹ رکھا گیا ہے جس کی قیمت 3 ہزار روپے ہوگی، اس کے علاوہ تمام پروگرام میں عوام بالکل مفت شرکت کرسکیں گے، شفقت سینٹر سٹیج پر جائیں گے اور تقریب میں فیض کے کلام کے ساتھ اپنے مشہور گانے بھی پیش کریں گے، شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا، ہم میلے کے دوران امجد اسلام امجد اور ضیاء محی الدین صاحب کو بھی ان کے تعاون پر خصوصی خراج تحسین پیش کریں گے، اس کے علاوہ فیض کو خصوصی خراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق ایونٹ کے پہلے روز اجوکا تھیٹر اپنا مشہور ڈرامہ آنہی مائی دا سفنا پیش کیا جائے گا، جبکہ دوسرے روز الحمرا آرٹس کونسل کے ہالز میں کل 30 پرفارمنسز ہوں گی۔
فیض فیسٹیول کے شیڈول کے مطابق معروف مقامی شخصیات جن میں ڈاکٹر عارفہ سید، زہرہ نگار، سرمد سلطان کھوسٹ، شاعر علی مظہر، فضل جات، عرفان کھوسٹ، عمران عباس، ڈاکٹر صغرا صدف مقبول میلے میں شرکت کریں گی۔