حمزہ علی عباسی کے نئے پراجیکٹ ’’ جان جہاں ‘‘ کا ٹیزر جاری

Published On 28 February,2023 02:03 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنے نئے پراجیکٹ ’’ جان جہاں ‘‘ کا ٹیزر جاری کر دیا۔

حمزہ علی عباسی ایک شاندار پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں جنہوں نے تقریباً ایک برس قبل شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرکے اپنا وقت دین کی تبلیغ و ترویج میں وقف کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم حال ہی میں اداکار کی واپسی کی خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے اپنے نئے آنے والے ڈرامے ’’ جان جہاں ‘‘ کا ٹیزر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے انڈسٹری میں اپنی واپسی کی خبروں کی تصدیق کی اور نئے ڈرامے کی تفصیلات بارے آگاہ کیا۔

 

حمزہ نے لکھا کہ ہمارے آنے والے ڈرامے ’’ جان جہاں ‘‘ کی دلکش دنیا سے آپ کو متعارف کرواتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، ڈرامہ کو نیکسٹ لیول انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کے بینر تلے معروف پروڈیوسر ثمینہ ہمایوں سعید اور ثنا شاہنواز پروڈیوس کریں گی، ڈرامے کی کہانی ردا بلال نے لکھی ہے اور اس کی ہدایات قاسم علی مرید دیں گے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی متعدد ہٹ سیریلز میں پرفارم کر چکے ہیں جن میں من مائل، پیارے افضل اور الف شامل ہیں۔