ہارٹ اٹیک کے بعد جان کیسے بچی؟ اداکارہ سشمیتا سین نے وجہ بتا دی

Published On 06 March,2023 02:13 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سٹار اور سابق مس ورلڈ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ انہیں دل کا شدید دورہ پڑا تھا اور ان کے دل کی ایک اہم شریان 95 فیصد بند تھی۔

بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی دِنوں ڈاکٹرز کی نگرانی میں رہیں۔

صحتیابی کے بعد سشمیتا سین نے پیغامات کے ذریعے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے انسٹاگرام پر لائیو سیشن رکھا جہاں انہوں نے مداحوں سے گفتگو کی۔

لائیو سیشن میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے دل کی ایک اہم شریان 95 فیصد بند تھی اور اس وجہ سے ان کی سرجری بھی ہوئی۔

 

اداکارہ نے جِم جانے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے متعلق بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ میں سے اکثر لوگ جم جانا چھوڑ دیں اور کہیں گے کہ دیکھا اسے جم جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، مگر یہ غلط ہے مجھے جِم جانے سے بہت فائدہ ہوا ہے میں ایک بہت بڑے دل کے دورے سے زندہ بچی ہوں۔‘

سابق مس ورلڈ کا کہنا تھا کہ انہیں بہت شدید دل کا دورہ پڑا تھا اور ان کے ایکٹو لائف سٹائل کی وجہ سے وہ بچ گئیں ہیں، اب وہ صحتیاب ہیں اور ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد وہ اپنی ویب سیریز ’آریا‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لیے جے پور کا سفر کریں گی اور فلم تالی کی ڈبنگ پر بھی کام شروع کریں گی۔

یاد رہے کہ سشمیتا سین نے گزشتہ ہفتے مداحوں کو یہ خبر دی تھی کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا ان کی انجیو پلاسٹی ہوئی ہے اور سٹنٹ ڈالا گیا ہے۔