لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے سلطان نے طلاق کے بعد کی زندگی اور دوسری شادی کے حوالے سے مداحوں کے سوالوں کے جواب دے دیئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر علیزے فاطمہ نے سوال جواب کا سیشن رکھا، جس میں انہوں نے مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے طلاق کے بعد کی زندگی، مستقبل کی منصوبہ بندی اور ممکنہ شادی پر کھل کر بات کی۔
سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے سوال کیا کہ انہوں نے طلاق کے بعد اکیلے بچوں کی پرورش اور ہمارے معاشرے کا سامنا کیسے کیا؟
علیزے نے اس سوال کے جواب میں بتایا کہ جب آپ کے ساتھ اللہ ہو، اہل خانہ ہوں اور چاہنے والوں کی دعائیں اور محبتیں ہوں تو ہر چیز ٹھیک ہوجاتی ہے۔
اسی طرح ایک اور مداح نے سوال کیا کہ کیا طلاق کے بعد آپ زیادہ پُر اعتماد ہوگئی ہیں؟ جس کے جواب نے ان کا کہنا ہے کہ جب آپ کی تذلیل کرنے والا کوئی نہیں ہوتا تو آپ کھِل اُٹھتے ہیں۔
ایک اور مداح نے سوال کیا کہ کیا آپ دوسری شادی کے بارے میں سوچتی ہیں؟ کاش آپ کو ایک اچھا اور قدر کرنے والا شخص اور تمام خوشیاں مل جائیں، اس پر علیزے فاطمہ نے کہا کہ شادی نصف ایمان ہے اور ہر چیز اپنے وقت پر ہوجاتی ہے۔
ایک مداح نے ان سے یہ سوال کیا کہ جب فیروز خان کے اہل خانہ نے بغیر کسی وجہ کے آپ کو ریجیکٹ کردیا تو آپ نے اس پر کیسے قابو پایا؟
اس سوال کے جواب میں علیزے فاطمہ نے کہا کہ آپ کو کسی سے منظوری لینے کی کیا ضرورت ہے؟
اس سوال جواب کے سیشن کے اختتام میں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں آپ سب کا ساتھ اور دعاؤں کے لئے شکریہ بہت چھوٹی چیز ہے اور انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ ان کی دعاؤں اور ساتھ کے بغیر آگے نہیں بڑھ پاتیں۔
یاد رہے کہ علیزہ فاطمہ اور فیروز خان نے 2018 میں شادی کی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں، تاہم ان کی شادی زیادہ عرصہ چل نہ سکی اور ستمبر 2022 میں دونوں نے طلاق کی تصدیق سوشل میڈیا کے ذریعے کی تھی۔