ممبئی : (ویب ڈیسک)بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار لارنس بشنوئی کا کہنا ہے کہ اس کی زندگی کا مقصد ہی سلمان خان کو قتل کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی نے سلمان پر زور دیا کہ وہ اس کے مذہبی گرو جمبیشور(جمبا جی) کے مندر جائے اور معافی مانگے، اگر ہماری برادری معاف کر دے تو میں کچھ نہیں کہوں گا، ورنہ سکیورٹی ہٹتے ہی میں سلمان خان کو قتل کردوں گا۔
خیال رہے کہ لارنس بشنوئی بھارتی جیل میں سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار ہے، ملزم نے انکشاف کیا ہےکہ وہ گزشتہ 4 سے 5 سالوں سے سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
لارنس بشنوئی کا کہنا ہے کہ اگر سلمان خان معافی مانگ لے تو میں اس کو قتل نہیں کروں گا، وہ بہت مغرور ہے، سدھو موسے والا بھی اس کی طرح تھا۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال 10 جولائی کو لارنس بشنوئی نے دھمکی دی تھی کہ وہ اور اس کی برادری نایاب کالے ہرن کے شکار پر سلمان خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، وہ صرف ایک صورت میں سلمان خان کو معاف کرسکتا ہے اور وہ یہ کہ سلمان خان سر عام اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔