لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ سیاستدان کوئی بھی آئے مگر ایماندار ہونا چاہیے، میں سیاست میں ’ پٹھان ‘ کے ساتھ ہوں ۔
کراچی آرٹس کونسل میں نامور اداکارہ ماہرہ خان کے اعزاز میں ’ایک شام ماہرہ خان کے نام ‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس کی میزبانی معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کی۔
انور مقصود نے اس تقریب کے دوران ماہرہ سے سوال کیا کہ آپ کون سی سیاسی جماعت کو سپورٹ کرتی ہیں؟، جس کے جواب میں اداکارہ نے مسکراتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ میں ’ پٹھان‘ کے ساتھ ہوں ۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ سچ بات یہ ہے کہ لوگوں میں ایمانداری بہت کم ہوگئی ہے، کام کے ساتھ بہت کم لوگ ایماندار ہیں، میری خواہش ہے کہ کوئی بھی لیڈر آئے وہ ایماندار ہو، آن لائن جب خبر دیکھتی ہوں تو سوچتی ہوں کہ کون سی خبر سچی ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے زندگی میں جو چیز سیکھی وہ وقت پر آنا اور اپنا پورا ٹائم دینا ہے، میں نے ٹیلی فلم ’ ایک ہے نگار ‘ کو پروڈیوس بھی کیا، پیسے کے لیے مجھ سے پروڈکشن نہیں ہوتی، بہت سی کہانیاں ہم صرف مردوں کی دیکھتے ہیں، جنرل نگار کی کہانی ایک با ہمت خاتون کی کہانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر لڑکیاں فنانشل طور پر آزاد نہ ہوں تو بہت کچھ نہیں کر پاتیں، بھارت میں کام کرکے بہت اچھا لگا، شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنا میرا خواب تھا۔