لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک میں رہائش اختیار نہیں کروں گی کیونکہ میں اپنے ملک کے علاوہ کہیں نہیں رہ سکتی۔
یشما گل ایک انتہائی ذہین اور خوبصورت پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ہیں، ان کا ڈرامہ ’ پیار کے صدقے ‘ بہت مشہور ہوا اور انہوں نے اپنے ڈرامے سے کافی شہرت حاصل کی۔
حال ہی میں یشما گل نے ایک ڈیجیٹل پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں، شادی، عمر اور دیگر بہت سی چیزوں کے بارے میں بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے بغیر نہیں رہ سکتی، میں نے آسٹریلیا میں چار سال تک ڈگری حاصل کی، میں وہاں آسانی سے سیٹل ہو سکتی تھی، میرے والدین نے مجھے وہاں مستقبل بنانے پر مجبور کیا لیکن میں نے ان سے کہا میں یہاں ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتی۔
شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے یشما گل نے انکشاف کیا کہ میری والدہ اکثر مجھ سے کہتی ہیں کہ اب تم 29 سال کی ہو گئی ہو، تم شادی کب کرو گی، میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے، برائے مہربانی میرے لیے دعا کریں کہ مجھے کوئی میری پسند کے مطابق مل جائے کیونکہ میں شادی کے لیے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک خودمختار عورت اپنے بل بوتے پر کھڑی ہو سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ عورت کو زندگی میں کسی ساتھی کی ضرورت نہ ہو، کسی کا ساتھ ضروری ہے اور یہ زندگی میں بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محبت میرے لیے ایک احساس ہے جس کا وجود بغیر کسی وجہ کے ہونا چاہیے، محبت غیر مشروط ہونی چاہیے۔