اداکارہ حرا سومرو کام کی وجہ سے بچوں سے دوری پر آبدیدہ، ویڈیو وائرل

Published On 08 May,2023 11:06 am

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ حرا سومرو کی کام کی وجہ سے بچوں سے دوری پر آبدیدہ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اداکارہ حرا سومرو نے حال ہی میں انسٹا گرام پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں کار میں بیٹھے روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ کے چہرے سے اداسی جھلکتی دکھائی دیتی ہے جبکہ ان کی آنکھیں سرخ اور چہرہ بھی لال پڑتا دکھائی دیتا ہے۔

انہوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ کام کی مجبوری کے باعث بچوں سے مختصر مدت کے لیے دوری بھی بعض ماؤں کو پریشان کردیتی ہے اور وہ ڈپریشن میں چلی جاتی ہیں، ایسی صورت حال میں بعض مائیں خود کو مجرم قرار دیتی رہتی ہیں اور وہ ہر وقت اپنے بچوں کے لیے پریشان دکھائی دیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ابھی ایسی ہی صورت حال سے گزررہی ہیں، جس کے باعث وہ پریشان بھی رہتی ہیں اور وہ خود کو مجرم بھی تصور کرتی ہیں۔

حرا سومرو کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے کہ دنیا کے تمام والدین اپنے بچوں کے مقاصد پورے کرنے میں کامیاب ہوں اور خدا ہر ایک خاندان کی حفاظت کرے۔

Advertisement