لاہور: (سہیل قیصر) اداکاری بے مثال، کامیڈی با کمال، برجستہ جملے جداگانہ انداز، لالی وڈ کے معروف اداکار خاور رفیع عرف ننھا کو دنیا سے گئے 37 برس بیت گئے، ننھا پوری زندگی دوسروں میں مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔
1964 میں رفیع خاور نام کے ایک شخص نے ریڈیوسے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور پھر مسلسل محنت کرتا رہا، پھر وہ دن بھی آگیا جب اِس شخص نے ننھا کے نام سے فلم انڈسٹری میں اپنے نام کا سکہ جمانا شروع کر دیا۔
گول مٹول جسم، چہرے پر کھلنے والی معصومیت اور مکالموں کی برجستہ ادائیگی کے باعث فلم بینوں نے اُنہیں جلد ہی شرف قبولیت بخشنا شروع کر دیا کہ فلم کے پردے پر اُن کے انداز سب سے جداگانہ ہوتے تھے۔
الف نون جیسا معیاری ٹی وی کھیل، پردے میں رہنے دو اور دبئی چلو، آس، نوکر اور سالا صاحب جیسی ہٹ فلمیں، سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا لیکن پھر وہ ایک اداکارہ کی زلف کا اسیر ہو کر دل ہار بیٹھے، یہ الگ بات رہی کہ یہ محبت اُنہیں راس نہ آسکی اور چیزیں خراب ہونا شروع ہوگئیں۔
اداکار ننھا تمام عمر اپنے چاہنے والوں میں مسکراہٹیں بکھیرتے رہے لیکن 2 جون 1986 کو ہونے والا اُن کی زندگی کا ڈراپ سین بہت دردناک رہا۔